مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں اور وہ جلد پاکستان میں ہوں گے۔
لاہور ائیر پورٹ میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ابھی میری تمام تر توجہ مسلم لیگ ن پر ہے، مسلم لیگ ن کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا نوجوانوں کو ن لیگ میں لانا چاہتی ہوں، پارٹی پہاڑ کی طرح ہے جو اس سے گرے گا وہ پتھر کی طرح ہو گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوں، عمران خان نے سیاسی طور پر مخالفین کے ساتھ جو کیا اس کی سزا انہیں قانون فطرت سے ملے گی۔
شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہتی جبکہ شاہد خاقان کی پارٹی اور نواز شریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا، شاہد خاقان عباسی نے کہا میں ن لیگ کے ساتھ کھڑا ہوں، پارٹی چھوڑوں گا تو گھر جاؤں گا۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں، اس وقت نواز شریف کی واپسی کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتی لیکن وہ بہت جلد پاکستان میں ہوں گے، نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ تب دی جا سکے گی جب واپسی کا ٹکٹ بک ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھا 3 سال کے بعد اپنے والد سے ملی تھی،کبھی اتنا عرصہ ان سے دورنہیں رہی، 5 اکتوبرکوپاکستان سے روانہ ہوئی تھی، اپنے والد کے ساتھ وقت گزارا، ان 4 ماہ میں اپنے والد سے سیکھنے کا موقع ملا، نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں۔