ایمن منیب کےگھر گیس کا دھماکا، اداکارہ معمولی زخمی

پاکستانی اداکارہ ایمن خان اور اداکار منیب بٹ کے گھر سیوریج لائن میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا ہے جس دوران اداکار جوڑی کا گھر جزوی طور پر تباہ ہوگیا۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اداکارہ ایمن خان اور اداکار منیب بٹ کے گھر دھماکے کی فوٹیج وائرل ہوئی تھی جس میں مزدوروں کو ملبہ اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بعد ازاں جیو ویب سے گفتگو کرتے ہوئے شوبز ذرائع نے اس دھماکے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ایمن منیب کے گھردھماکا ہوا جس کے بعد منیب کے ڈرامے کی شوٹنگ بھی روک دی گئی ہے۔

تاہم اب اس حوالے سے منیب بٹ کی انسٹا اسٹوری بھی سامنے آئی ہے جس میں انھوں نے گھر میں ہوئے دھماکے اور اہلیہ ایمن خان کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ۔
منیب بٹ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں اس واقعے کے بعد مداحوں کی جانب سے بھیجی گئی دعاؤں اور نیک خواہشات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلبرگ کے ایس ایچ او اشرف جوگی نے بتایا کہ ایمن اور منیب کے گھر اتوار میں دوپہر کے وقت دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی تھی ، اشرف جوگی کے مطابق گلبرگ بلاک 10 میں واقع منیب ایمن کے گھر میں سیوریج لائن میں دھماکے سے ایک دیوار گر گئی تھی جس کے نتیجے میں گھریلو ملازم اور دو بچے معمولی طور زخمی بھی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں