سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم خان نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک قاسم خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ نے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہم رضا کارانہ طور پر چھوڑ رہے ہیں، مفاد عامہ کی خاطر یہ قدم اٹھایا، ہماری قوم کا مفاد اسی میں ہے کہ ہم تحریک انصاف چھوڑ دیں۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ قیادت نے ہمارے ساتھ وعدے کیے، قیادت کی ناانصافیاں برداشت نہیں کرسکتے، 5 سال سے لڑرہے ہیں لیکن حق نہیں مل رہا، یہ زیادتیاں برداشت نہیں کرسکتے۔
کرک سے تعلق رکھنے والے ملک قاسم 2013 میں آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے وہ سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے مشیر رہے ہیں۔