پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں مذاکرات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جارحانہ رویہ دکھانے پر ن لیگ لچک دکھانے پر تیار ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے سیلاب متاثرین کے گھروں کی بحالی، اور تباہ انفرا اسٹرکچر کے لیے فنڈ کی حامی بھر لی ہے، ن لیگی وزرا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پی ایس ڈی پی میں اس سلسلے میں رقم رکھی جائے گی اور فوری ریلیز بھی ہوگی۔
ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گھروں اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے 25 ارب وفاق کو دینے ہیں، سندھ حکومت کا مطالبہ تھا کہ اسکولوں کے تباہ انفرا اسٹرکچر کے لیے 12 ارب کا 50 فی صد دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، یہ رقم بھی ہمیں فراہم کی جائے تاکہ اسکولوں کو بحال کر سکیں۔
سندھ نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیر اعظم نے کے بی فیڈر کے لیے دورہ کراچی میں رقم دینے کا وعدہ کیا تھا، وہ رقم بھی بجٹ میں حصہ نہیں بنائی گئی، وہ پیسے بھی فراہم کیے جائیں، پی پی نے کراچی کے لیے اہم کے فور منصوبے کے لیے کم رقم مختص کیے جانے پر بھی شکایت کی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگی وفد نے سندھ کے جائز مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، گفتگو میں پیپلز پارٹی کے وفاقی وزرا کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ پچھلے سال مسلسل زیادتی ہوئی ہے، اب ہم اتحادی ہیں اس کے باوجود یہ زیادتی ہو تو کیسے چپ رہیں۔ وزرا کا مؤقف تھا کہ پارٹی قیادت کا واضح پیغام ہے کہ سندھ کو اپنے حصے کے منصوبے کے لیے رقم دی جائے۔