پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ 36ویں ایئر وار کورس کی گریجویشن تقریب

پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ، کراچی میں 36 ویں ایئر وار کورس کی کانووکیشن اینڈ گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ ائیر مارشل عبدالمعید خان ڈپٹی چیف آف دی ایئر سٹاف (ایئر ڈیفینس) اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

فارغ التحصیل ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے انہیں کورس کی کامیاب تکمیل اور اپنے کیریئر میں اس اہم سنگِ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتا ہوا جغرافیائی سیاسی منظر نامہ، قومی سلامتی کی پیچیدہ صورتحال اور مسلسل تغیر پزیر عسکری ماحول، حصولِ علم کے تقاضوں میں تکنیکی ترقی سے باخبر رہنے اور قومی دفاعی آلات کے دانشمندانہ استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے عسکری عناصر کے باہمی تعاون کی اہمیت پر مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ روایتی اور غیر روایتی جنگی صورتحال میں کوئی بھی عسکری فوج تنہا کامیابی حاصل نہیں کر سکتی اور اس زمرے میں مشترکہ تزویراتی منصوبہ بندی کے کردار کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے قومی سلامتی کے ماحول میں ملکی استحکام اور خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی طاقت کے بہترین آلہ کار کی حیثیت سے ایئر پاور کے استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ایئر وائس مارشل حسین احمد صدیقی، صدر ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ نے وار کورس اور اس کے دوران نمایاں کارکردگیوں کا جائزہ پیش کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے افسران میں اسناد تقسیم کیں۔

ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ پاک فضائیہ کا ایک بہترین ادارہ ہے، جہاں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے سینئر اور درمیانے درجے کے افسران کو ایئر پاور کےنظریات، حکمت عملی اور اعلیٰ فوجی قیادت میں بہترین کردار ادا کرنے کے لیئے مختلف شعبے میں تربیت دی جاتی ہے۔ فارغ التحصیل ہونے والے افسران میں افواج پاکستان سمیت بحرین، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، عراق، اردن، ملائیشیا، نائیجیریا، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور زمبابوے کے فوجی افسران بھی شامل تھے۔ تقریب میں دوست ممالک سے اعلیٰ سفارت کاروں سمیت سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں