انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں 2 اور تھانہ گولڑہ میں درج ایک مقدمےکی سماعت ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی۔
عمران خان کے وکیل سردار مصروف خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آج لاہور ہائی کورٹ پیش ہونا ہے،لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے باعث اسلام آباد پیش نہیں ہوسکتے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش ہونا پڑےگا۔
عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں عمران خان سمیت فرخ حبیب، شبلی فراز اور حسان نیازی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کو ذاتی حیثیت میں 19 جولائی کو طلب کرلیا۔