صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ سیاستدان عفو و درگزر کا راستہ اپنائیں، ہمیں نفرتوں کے بجائے محبتوں کو فروغ دینا پڑے گا۔
صدر عارف علوی کا جشن آزادی پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا آزادی کی جدوجہد 1857 میں شرو ع ہوئی، آئین، قانون اور میریٹ کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی گئیں، آج بھی ہمارے فوجی اور سویلینز پاکستان کے لیے مسلسل شہادت دے رہے ہیں، ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا آزادی اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دی گئیں، انصاف کے لیے ضوری ہے کہ فریقین کو سنا جائے کیونکہ جس ملک میں انصاف نہ ہو وہ تتر بتر ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز عفو و درگزر کا راستہ اپنائیں، پاکستان اپنے لیڈروں سے تقاضہ کرتا ہےکہ اکٹھے ہو جائیں، ہمیں نفرت کے بجائے محبتوں کو فروغ دینا ہو گا۔