آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ یوم دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، قومی جذبے سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
یوم دفاع کے موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہردم تیا رہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ایمان ، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے، شہدا کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے ہمارے لیے قابل تقلید مثالیں ہیں، شہدا کے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں، شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں ، آرمی چیف
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد و یگانگت ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، بعض عناصرنے عوام اورفوج کےمقدم رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی، افواج پاکستان نے تحمل اورسمجھداری سے مذموم کوشش کو ناکام بنایا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اسکی مثال نہیں ملتی، پاک فوج عوام کی خواہشات اورامنگوں کا محور ہے، مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے، باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔