سندھ کے کچے کے علاقے میں سرگرم ڈاکوؤں کے پاس اینٹی ائیر کرافٹ میزائل کی موجودگی کی خبریں پاکستان اور ملک کی فضائی حدود کیلئے شدید نقصان اور مسائل کا سبب بن رہی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ ماہ پاکستانی میڈیا پر سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی سرگرمیوں سے جڑی خبروں میں ملزمان کے پاس اینٹی ائیر کرافٹ میزائلز کی مبینہ موجودگی کے حوالے دیے گئے، ان خبروں کو جواز بناکر یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستانی فضائی حدود میں پروازوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فضائی حدود کی ایڈوائزری پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یورپ سے اعلیٰ سطح پر رابطہ کیا اور حقائق کے ساتھ ایاسا کو آگاہ کیا کہ ایڈوائزری زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتی۔