190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی فرح گوگی کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
نیب رپورٹ کے مطابق فرح گوگی پاکستان میں متعدد پلاٹس،گھر اور گاڑیوں کی مالک ہیں، پاکستان میں ان کے نام 9 پلاٹ ہیں جن میں سے لاہور میں 5 اور اسلام آباد میں 4 پلاٹ ہیں، فرح گوگی کے نام ڈی ایچ اے لاہور میں 4 اور 10 مرلے کے پلاٹ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فرح گوگی کے نام نجی ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور میں ڈھائی اور4 مرلے کے پلاٹ ہیں، اس کے علاوہ ان کے نام اسلام آباد میں ایک 40 اور دو 100 کنال کی زمین ٹرانسفرکی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ فرح گوگی کے نام کروڑوں روپے مالیت کی مختلف گاڑیاں بھی ہیں، ان کے نام پاکستان میں 22 گاڑیاں ہیں جب کہ فرح گوگی کے کراچی اورلاہورکے مختلف بینکوں میں 29 بینک اکاؤنٹس رجسٹرڈ ہیں۔
واضح رہےکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شہزاد اکبر، ذلفی بخاری اور فرح گوگی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔