پشاور میں پولیس نے ہائی کورٹ کے باہر سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار آفتاب عالم ایڈوکیٹ کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی امیدوار کی گرفتاری کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے کوہاٹ پولیس کو آج آفتاب عالم کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ آج آفتاب عالم کو عدالت میں پیش کیا جائے، پولیس نے آفتاب عالم کو ہاتھ بھی لگایا تو کارروائی کریں گے۔
ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آفتاب عالم پر 8 ایف آئی آرز ہیں وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے، ملزم کی گرفتاری سے متعلق کل عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں گے۔
انصاف لائرز فورم کے مطابق آفتاب عالم پی کے 90 کوہاٹ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں اور وہ عدالت میں کیسز کیلئے آئے تھے۔