سابق وزیر خزانہ اور (ن) لیگ کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر اُبھری ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ انتخابات کا نتیجہ پہلے ہی عوام کو معلوم ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر اُبھری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ ہم الیکشن کمیشن کے مکمل سرکاری نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
جیو نیوز پر الیکشن ٹرانسمیشن کے دوران بات کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار 72 گھنٹے میں کسی جماعت کو جوائن کریں گے، انہوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے، آئین کے مطابق آزاد امیدوار کو 72 گھنٹوں میں کسی پارٹی میں شامل ہونا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم کسی کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے زبردستی نہیں کرسکتے، ہم پنجاب میں اکثریتی جماعت ہیں، انتخابی نتائج میں تاخیر نہیں ہوناچاہیے تھی، آزاد امیدوار جماعت میں شامل نہیں ہوں گے تو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی، نوازشریف نے کہا تھا کہ اکثریت ہوگی تب بھی دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ رات تین بجے تک کے نتائج کے مطابق ن لیگ زیادہ نشستوں پر جیت رہی تھی، شکایت کیسے کرتے کل تمام دن موبائل فون بند تھے، جب نتائج کم بھی آرہے تھے تب بھی ن لیگ آگے تھی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پنجاب میں آزاد امیدوار ن لیگ کی کامیابی کے قریب بھی نہیں،مانگ کر نہ پہلے ذمہ داری لی نہ اب لوں گا، پارٹی فیصلہ کرے گی، بلاول بھٹو کے والد کی آزاد امیدواروں کو قابو کرنے کی صلاحیت اچھی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 17 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔