وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چھاپے مار کر بھاری مقدار میں دوائیاں برآمد کرلیں۔
حکام کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ نے ہزارگنجی کوئٹہ میں واقع اسٹور سے بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد کرلیں، چھاپہ مار کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈریپ حکام کے ساتھ سے عمل میں لائی گئی۔
حکام کے مطابق ٹیم نے 100 سے زائد اقسام کی غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات قبضے میں لے لیں، برآمد ہونے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک، پین کلر اور جان بچانے والی ادویات بھی شامل ہیں جب کہ جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف 4 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔
ادھر ایف آئی اے چمن نے پاور ہاؤس روڈ پر واقع 3 مختلف میڈیکل اسٹورز پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں، مذکورہ اسٹورز سے مشتبہ ادویات کو قبضے میں لے کر ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا، ملزمان کے خلاف انکوائری درج کر لی گئی اور ڈریپ حکام کی رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس کے علاوہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ایف آئی اے بلوچستان زون نے جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف 33 چھاپہ مار کارروائیاں کیں جس میں 21 انکوائریاں درج کی گئیں جب کہ چھاپوں کے نتیجے میں بھاری تعداد میں جعلی ادویات کو قبضے میں لیا گیا۔