وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا ہے کئی سعودی اور پاکستانی کمپنیوں کے باہمی معاہدے طے پا چکے ہیں اور بہت سی پاک سعودی کمپنیز کا سرمایہ کاری پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کئی سعودی اور پاکستانی کمپنیوں کے ایک دوسرے کے ساتھ معاہدے طے پا چکے ہیں، بہت سی سعودی اور پاکستانی کمپنیوں کا ایک دوسرے کے ساتھ اتفاق رائے ہو چکا ہے اور کئی کمپنیاں بات چیت آگے بڑھا رہی ہیں، سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کی آمد کراؤن پرنس کے دورہ پاکستان کا اہم حصہ ہے۔
جام کمال نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کئی ملین ایکڑز زرعی زمین ٹھیکے پر دینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے، زراعت کے شعبے میں جو سرمایہ کاری ہوگی وہ دونوں ممالک کے سرمایہ کار اپنے فائدے دیکھتے ہوئے طے کریں گے۔
وزیر تجارت کا کہنا تھاکہ پاکستان عرب ممالک کے علاوہ کامن ویلتھ اور وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی تجارت کا حجم بڑھا رہا ہے جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات جلد نظر آنا شروع جائیں گے۔