چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ سیاست دانوں نے آپس میں ہاتھ نہ ملایا تو پارلیمنٹ سے بھی مسائل کا حل نکلنے کی امید نہیں۔
لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ ایک جانب معاشی بحران ہے دوسری جانب ملک میں دہشت گردی کے خطرے ہیں، لیکن سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے بات کرنے کو تیار نہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدل دیا گیا ہے، اختلاف رائے کے احترام کی گنجائش ہی نہیں رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سپریم کورٹ مانتی ہےکہ ذوالفقار علی بھٹو کا ٹرائل فیئر نہیں تھا، اس سے غلطی ہوسکتی ہے تو پھر ہمیں عدالتی اصلاحات لانی چاہیے، عدالت خود کچھ اصلاحات لاسکتی ہے، لیکن سب سے بڑی ذمہ داری پارلیمنٹ کی ہے۔