8 بجلی تقسیم کارکمپنیوں کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کیلئے سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی گئی ہے۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیرصدارت سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں پر قائم کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے آزادانہ ڈائریکٹرز کی نامزدگی کی تجویزکابینہ میں رکھنےکی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق کمیٹی نے 4 ریلوے کمپنیوں کی اسٹریٹیجک درجہ بندی کرنےکی تجویز کی منظور ی نہیں دی اور ہدایت کی کہ چاروں ریلوے کمپنیوں کیلئے تبدیلی کا منصوبہ کمیٹی کو پیش کیا جائے۔
وزرات خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ وزارت سائنس ایس ٹی ای ڈی ای سی میں اصلاحات کے لیے منصوبہ بندی کا بزنس پلان دیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ 8 بجلی تقسیم کارکمپنیوں کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز تعینات کرنے کی سمری کابینہ کو بھیج دی گئی ہے جن میں آئیسکو، فیسکو، ٹیسکو، کیسکو، گیپکو، پیسکو، لیسکو اور میپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی سمری بھیجی گئی ہے، بورڈز کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دےگی اور نئےبورڈ میں ممبران پروفیشنل بنیاد پر تجویز کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے ناقص کارکردگی کی بنیاد پر 8 ڈسکوز کے بورڈز توڑ دیے تھے۔