سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری اس وحشت کو اب رُک جانا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سایٹ ایکس پر انہوں نے اسرائیل کی جانب سے رفح میں جاری جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے لکھا کہ ‘میں اسرائیل کے ان اقدامات کی مذمت کرتا ہوں جن میں سینکڑوں بے گناہ پناہ گزین مارے گئے۔’
انتونیو گوتریس نے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘غزہ میں اب کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے، اسرائیل یہ وحشت بند کرے۔’
رفح میں قیامت خیز رات، اسرائیل کے پناہ گزین کیمپ پر حملے میں 75 فلسطینی شہید
خیال رہے کہ دو دن قبل اسرائیلی فوج نے رات گئے رفح میں پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا تھا۔ کیمپوں میں آتشزدگی کے باعث ایک ہی رات میں 75 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کا اب تک کا یہ سب سے بڑا حملہ تھا۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہزاروں پناہ گزین جل کر شہید ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ شہداء میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔
غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 46,000 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ عالمی عدالت کے فیصلے کے باوجود اسرائیلی ٹینکوں کی رفح میں پیش قدمی جاری ہے۔