وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کو بجٹ سے متعلق پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کی ہدایت کردی۔
وزیرِاعظم شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جہاں وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کو بجٹ سے متعلق اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ارکان کو بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی، ارکان کی جانب سے بجٹ پر مکمل اعتمادکا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعظم نے پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو بجٹ اجلاس میں بھرپورحصہ لینے، تجاویز پیش کرنے اور بجٹ سے متعلق جھوٹ اور پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات کےمنجدھار سے نکال کر استحکام کی سمت میں لائے، ملک کو دیوالیہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں۔
وزیر اعظم نے کہا بجٹ میں جس قدر ہوسکا عام آدمی کو ریلیف دیں گے، ہماری ٹیم کی کوششوں کی بدولت مہنگائی میں قابل ذکرکمی ہوئی اور ڈالرکے مقابلے روپیہ مستحکم ہوا جب کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا میں جہاں بھی گیا، قرض کے بجائے سرمایہ کاری کی بات کی، سرمایہ کاری وہیں آتی ہے جہاں امن اور سیاسی استحکام ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ باصلاحیت افرادی قوت کو روزگارکی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم و تربیت یقینی بنائیں گے۔