انسان کو تقویٰ اختیار کرنا چاہیے، یہی فلاح کا راستہ ہے: خطبہ حج

دنیا کی زندگی کہیں تمہیں دھوکے میں مبتلا نہ کردے، جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللہ اس کو وہاں سے رزق عطا کرے گا جہاں سے وہ گمان بھی نہیں کرسکتا۔ امام مسجدالحرام شیخ ماہر بن حمد کا خطبہ حج میں بیان

مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2024ء ) خطبہ حج میں کہا گیا ہے کہ اسلام کی بنیاد خیر اور فلاح پر ہے، اسلام کسی کو نقصان پہنچانے کا حکم نہیں دیتا، مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، انسان کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے یہی فلاح و کامیابی کا راستہ ہے، اس لیے انسان کو خیر کے راستے پر چلنا چاہیے، قرآن کہتا ہے جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی اور جو مومنوں کو تکلیف دیتے ہیں کبھی فلاح نہیں پاسکتے۔
تفصیلات کے مطابق مسجدالحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹرماہر بن حمد نے حج کا خطبہ دیا جس کا ترجمہ اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا گیا، شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، ارکان اسلام کی پیروی میں ہی ہدایت موجود ہے، اللہ اپنی ذات میں واحد ہے لیکن اللہ نے پیغمبر محمدﷺ کے احکامات ہر عمل کا حکم دیا ہے، اللہ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین بنایا۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ نماز برائی سے بچاتی ہے، شیطان کے وسوسوں سے خود کو محفوظ رکھیں، انسان کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنے چاہیے، یہی فلاح و کامیابی کا راستہ ہے، دنیا کی زندگی کہیں تمہیں دھوکے میں مبتلا نہ کردے، اللہ پر توکل کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوتی ہے، جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللہ اس کی خطاؤں کو معاف کردے گا، جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللہ اس کو وہاں سے رزق عطا کرے گا جہاں سے وہ گمان بھی نہیں کرسکتا۔
شیخ ڈاکٹرماہر بن حمد نے خطبہ حج میں کہا کہ ارکان اسلام کی پیروی میں ہی ہدایت موجود ہے، اللہ ہر چیز کا مالک ہے اور قرآن سیدھی راہ دکھاتا ہے، اللہ کی وحدانیت اور رسول کی وحدانیت پر یقین اسلام کا پہلا رکن ہے، اللہ ہر چیز کا مالک وقادر، قرآن سیدھی راہ دکھاتا ہے، اللہ پر توکل کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوتی ہے، اللہ نے قرآن میں کئی مقامات پر نماز پڑھنے کا ذکر کیا ہے، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ اے لوگوں نماز کو قائم کرو، اللہ تعالیٰ نماز پڑھنے والوں کے گھروں پر رحمت فرماتا ہے۔
خطبہ حج میں مسجدالحرام کے امام و خطیب کا کہنا ہے کہ اے مسلمانو ! زکوٰۃ ادا کرو، حقوق العباد کا خیال رکھو، قرآن میں لوگوں کیلئے ہدایت موجود ہے، جو صاحب استطاعت ہو اس پر حج بیت اللہ فرض ہے، جس انسان کا اخلاق اچھا ہے وہ دنیا وآخرت میں کامیاب ہونے والا ہے، جو ماں باپ کی خدمت کرنے والا ہے وہ بھی کامیاب ہوگا، والدین کا نافرمان نہ دنیا میں کامیاب ہوگا نہ آخرت میں ، جورشتے داروں کے ساتھ قطع تعلق کرتا ہے وہ اللہ کی رحمت سے دور ہوتا ہے، رشتے داری توڑنے والا اللہ کی رحمت نہیں سمیٹ سکے گا، انسان کو ہمیشہ عدل کے ساتھ فیصلے کرنے چاہئیں، ظلم وناانصافی کے راستے کو کبھی اختیار نہیں کرنا چاہیے، انسان کو بدگمانی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے، کسی مسلمان کو اپنے بھائی کی غیبت نہیں کرنی چاہیے، جب تم مردہ بھائی کا گوشت کھانے کو پسند نہیں کرتے تو تمہیں غیبت بھی نہیں کرنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں