مخصوص نشستوں کا کیس: عمران خان بطور وزیراعظم الیکشن کمیشن پر اثر انداز ہو رہے تھے: چیف جسٹس​

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ عمران خان بطور وزیر اعظم الیکشن کمیشن پر اثر انداز ہو رہے تھے۔

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 13 رکنی فل کورٹ بینچ کر رہا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی کی جانب سے اپنے دلائل میں جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ فیصلوں میں آئینی تشریح کی قدرتی حدود سے مطابقت پر زور دیا گیا۔

وکیل فیصل صدیقی کا کہنا تھا آرٹیکل 51 اور 106 سے تین ضروری نکات بتانا ضروری ہیں، آزاد امیدوار کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعت کی غلط تشریح دی ہے، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے متعلق آئین کو نظرانداز کیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے وکیل فیصل صدیقی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن یا آپ کیا سوچ رہے ہیں وہ چھوڑ دیں، الیکشن کمیشن بھی آئین پر انحصار کرے گا، الیکشن کمیشن آئین کی غلط تشریح بھی کر سکتا ہے، عدالت کسی کی طرف سےآئین کی تشریح پر انحصار نہیں کرتی، آپ اپنی نہیں آئین کے مطابق تشریح بتائیں، الیکشن کمیشن کو چھوڑ دیں، اپنی بات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں