پاکستان کے نیول چیف سے برازیل بحریہ کے چیف آف اسٹاف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیل بحریہ کے چیف آف اسٹاف ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سنتانا مینڈس نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے معزز مہمان سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
مہمان نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔