پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا حکومتی اختیار ختم کرنے کے معاملے پر آئل اینڈ گیس ریگولیشن اتھارٹی (اوگرا) نے 2 تجاویز تیار کر لیں۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی پہلی تجویز یہ ہے کہ قیمتوں کے تعین کا اختیار بطور ریگولیٹر اوگرا کو ہی دیا جائے اور دوسری تجویز یہ ہے کہ قیمتوں کے تعین کا اختیار مارکیٹ خود کرے، اوگرا صرف معاملے کو مانیٹر کرے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اوگرا کی بطور ریگولیٹر دونوں تجاویز اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پیش ہوں گی، تجاویز پر پیٹرولیم ڈویژن کے ساتھ مشاورت اور پھر وزیراعظم سے منظوری ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن ایک ہفتے میں قیمتوں کے تعین کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گا، وزیراعظم نے قیمتوں کے تعین سے متعلق اپنی ذمہ داری ختم کرنےکی ہدایت کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم قیمتوں کے علاوہ کسی بھی چیز کی قیمت کا تعین حکومت نہیں کرتی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ساری تنقید حکومت پر ہوتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی اختیار دیا جا سکتا ہے تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں کے تعین کا اختیار دینے سے اجارہ داری کا خدشہ ہو گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں کا اختیار دینے پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔