د: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پیر کو سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض سے اپنے رابطے کی تصدیق کی لیکن دوٹوک الفاظ میں کسی بھی غلط کام، 9 مئی کے واقعات یا پی ٹی آئی کی سیاست کسی تعلق ہونے کی تردید کی۔
ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میرا 9 مئی، پی ٹی آئی اور اس کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
بیرون ملک (جہاں وہ تعطیلات کے سلسلے میں موجود ہیں) سے دی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عموماً ان کیخلاف جو کچھ کہا جاتا ہے اور جو الزامات عائد کیے جارہے ہیں وہ سب “مکمل طور پر بے ہودہ” باتیں ہیں۔
انہوں نے کہا، “میرا جنرل فیض کے کسی بھی معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔” لیکن واضح کیا کہ جنرل فیض کے ساتھ ان کا سماجی رابطہ ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے جنرل فیض کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی اور مختلف مواقع پر معمول کے مطابق نیک خواہشات اور خوشگوار باتوں کا تبادلہ کرتے رہے ہیں۔