اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی تاجکستان کے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے
وزیر اعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ (Qohir Rasulzada) نے دو طرفہ ملاقات کی ۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سبراہانِ حکومت کے اجلاس میں تاجکستان کی فعال اور تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے۔
وزیر اعظم نے رواں برس جولائی میں دوشنبہ کے اپنے نتیجہ خیز دورے کا بھی ذکر کیا اور دو طرفہ تعلقات کی مثبت سمت کی جانب پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔