وزیرِاعظم شہباز شریف کا دیوالی کے موقع پر پیغام

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھرمیں موجود ہندو برادری سے تعلق رکھنے والوں کو میری جانب سے دیوالی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ روشنیوں کا تہوار دیوالی، روشنی کی تاریکی اورامید کی مایوسی پرفتح کے جشن کی عکاسی کرتا ہے۔ دیوالی مناتے وقت آئیں ہم سب مل کر مستقبل کو مثبت سوچ اوراتحاد کے نظریے سے دیکھیں۔ پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اپنے معاشرے میں تنوع پرفخر کرتے ہیں جو ہمارے قومی دھارے کو مزید مضبوط بناتا ہے اورہماری مشترکہ ثقافت کو تقویت بخشتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس موقع پرمیں پاکستان میں متحرک ہندو برادری کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کا ہمارے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار ہماری قوم کو مضبوط بنا رہا ہے۔ پاکستان میں عقائد کا تنوع ہمارے لوگوں کے درمیان لچک اوراتحاد کا حقیقی ذریعہ ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہندواوردیگراقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو اپنے ملک کی ترقی کے لیے اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے دیکھ کر مجھے بےحد خوشی ہوتی ہے۔ بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا تصور دیا تھا جہاں تمام برادریوں کو بلا تفریق مذہب، نسل یا ذات کے برابری اورآزادی حاصل ہو۔

انھوں نے کہا کہ حکومت ان اقدارکو برقراررکھنے اوراس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ پاکستان میں ہر کمیونٹی کو ان کے عقائد سے قطع نظرمساوی حقوق اور یکساں ترقی کے مواقع حاصل ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں