پشاور میں فضائی آلودگی ناپنے والاسسٹم گزشتہ 10سال سے غیرفعال ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اسموگ اور فضائی آلودگی سنگین صورتحال اختیار کرچکی ہے جس سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہں تاہم ایسے میں پشاور میں فضائی آلودگی ناپنے والاسسٹم گزشتہ 10سالوں سے غیرفعال ہے۔
ذرائع کے مطابق 2007 میں جاپان کی جانب سے تحفے میں دیا گیا ائیرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم ای پی اےکی عمارت پرنصب ہے جو گزشتہ 10 سال سے تکنیکی خرابی کے باعث غیرفعال ہے۔
ڈی جی تحفظ ماحولیات سمیع اللہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ سسٹم ٹھیک کرانےکے لیے وفاقی حکومت سے مددمانگی ہے جب کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، ڈی جی ای پی اے پنجاب سے بھی سسٹم ٹھیک کرانے کے لیے تکنیکی مددمانگی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ائیرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم ٹھیک کرانے کے لیے صوبائی حکومت سےفنڈز نہیں ملے لہٰذا ادارے کے وسائل سے ہی سسٹم کی مرمت کریں گے جس پر تقریباً ایک کروڑ روپے لاگت آئے گی۔