چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے براڈ کاسٹنگ رائٹس خریدنے والی کمپنی کا صبر جواب دے گیا۔
ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی سی سی نے براڈ کاسٹرز کو 2027 تک کے میڈیا رائٹس 3 ارب ڈالرز میں دیے تھے اور آئی سی سی نے یقین دلایا تھا کہ اس سرکل میں پاک بھارت میچز لازمی ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا کیونکہ براڈ کاسٹرز کو سب سے زیادہ کمائی پاک بھارت میچز سے ہی ہونا تھی۔
اب شیڈول کے اعلان میں تاخیر سے براڈ کاسٹرز کا بڑا نقصان ہو رہا ہے اوربراڈ کاسٹرنےآئی سی سی سےٹرافی شیڈول کےفوری اعلان کا مطالبہ دہرایا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے، دونوں جانب سے پیدا ہونے والی اس صورتحال آئی سی سی کو بحرانی صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے پاکستان نہ آنے پر مائنس بھارت ایونٹ پر بھی غور شروع کردیا ہے۔