صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کرپشن کے خلاف عالمی دن پر الگ الگ پیغامات جاری کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لئے مؤثر اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے کرپشن سے پاک مستقبل کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت کا پیغام
اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کرپشن نہ صرف عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے بلکہ وسائل کے ضیاع کا سسب اور سماجی و اقتصادی ترقی میں رکاوٹ بھی بنتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی کوششوں سے جیتنا ممکن نہیں ہے اور ریاست کے تمام ستونوں کو مؤثر کوششیں کرنا ہوں گی ۔
آصف زرداری نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ( نیب ) عوامی شعور اجاگر کرنے اور روک تھام کے ذریعے کرپشن کے خاتمے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے ۔
وزیر اعظم کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کرپشن ایک گھناؤنا عنصر ہے جو ہر ملک کی معاشی ترقی کو نقصان پہنچاتا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر کرتا ہے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ہر سطح پر کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے ۔
وزیراعظم نے عوام ، کمیونٹیز اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں۔