جاپان کا پاکستان میں انسداد پولیو مہم کیلئے 31 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان

جاپان نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کے لیے 31 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے۔ کہ جاپان کی جانب سے ملنے والی گرانٹ 2025 کی پولیو مہمات میں استعمال ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاپان، جائیکا اور یونیسف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ ملنے والی گرانٹ سے 2 کروڑ سے زائد پولیو ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔

عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ جاپان کی مستقل حمایت کے ساتھ ہم پولیو کے خلاف اپنی کاوشوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں 2025 کے وسط تک پولیو کیسز کو صفر پر لانے کے عزم پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں اب تک 59 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ کیسز بلوچستان میں رپورٹ ہوئے۔ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں سے ابھی تک پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں