لاہور اور گوجرانوالہ میں بارانِ رحمت، مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد رہنے کا امکان ہے،ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیاہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، جیل روڈ، مال روڈ، فیروز پور روڈ اور اطراف میں بارش ہوئی، گلبرگ، لبرٹی چوک، حسین چوک اور ایم ایم عالم روڈ پر بھی باران رحمت برسی، گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی،

کشمیر، گلگت، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ شام یا رات کو ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے تاہم سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں