وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے رواں ماہ 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اتوار کو رحیم یارخان میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات مفید رہی اور سرمایہ کاری سے متعلق بھی بات ہوئی، متحدہ عرب امارات نے رواں ماہ 2 ارب ڈالررول اوور کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب تک بجلی کی قیمت کم نہیں ہوگی ترقی نہیں کرسکتے، بجلی کی قیمت کم کرنے کے 2، 3 آپشنز ہیں، رواں ہفتے ایک اور میٹنگ کرکے آپشنز کو آگے لے کر بڑھیں گے، آئی ایم ایف کے پاس بھی جانا پڑے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے سمیڈا ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے، سمیڈا کا بورڈ تک نہیں تھا اس کا بورڈ مکمل کیا، 15جنوری کو سمیڈا سے متعلق ایک اور میٹنگ کریں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، ٹیکسٹائل روایتی برآمدات کا ایک بہت بڑا سورس ہے، ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ کے لیے ہمارا روایتی ذریعہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرم میں امن معاہدے کے بعد ایک واقعہ ہوا اور قافلے پر حملے میں ڈی سی زخمی ہوئے، امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے یہ ایک مذموم حرکت ہے۔