محکمہ صحت سندھ نے کورونا اور انفلوئنزا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر اسپتالوں کو ہنگامی گائیڈ لائنز جاری کردیں۔
صوبائی محکمہ صحت نے صوبے کے ڈی ایچ اوز کو مراسلہ لکھتے ہوئے کورونا اور انفلوئنزا ایچ ون، این ون کیسز پر اسپتالوں میں ہنگامی گائیڈلائنز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ موسم سرما میں کووڈ 19 اور ایچ ون، این ون کے کیسز میں اضافے پر فوری اقدامات ضروری ہیں، مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی بروقت رپورٹنگ یقینی بنائیں۔
محکمہ صحت نے اپنی ہدایات میں کہا کہ صحت کے مراکز میں پی پی ایز اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، سرکاری اور نجی صحت کے مراکز میں انفیکشن کنٹرول کے اقدامات کو مزید مضبوط کریں جبکہ عوامی آگاہی مہم شروع کرتےہوئے ماسک پہننے، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلے پر زور دیں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ کووڈ 19 اور ایچ ون، این ون کی علامات سے متعلق بروقت طبی امداد کی اہمیت پر معلومات فراہم کریں، کووڈ 19 اور ایچ ون، این ون کے کیسز، اقدامات اور مسائل کی ہفتہ وار رپورٹ جمع کروائیں، عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کراچی میں نزلہ کھانسی کے 30 فیصد مریض کورونا وائرس میں مبتلا ہورہے ہیں۔