سپریم کورٹ کے6 نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سپریم کورٹ میں لوئر کورٹس سے ترقی پا کر تعینات ہونے والے 6 نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے نئے ججز سے عہدے کا حلف لیا۔
عہدے کا حلف لینے والے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ حلف لیا، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاء، لاء افسران اور عدالتی اسٹاف بھی شریک تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس نے 6 ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی کارروائی نہ روکنے پر اجلاس کابائیکاٹ کیا تھا جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر بھی اجلاس کا بائیکاٹ کرگئے تھے۔

جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہاشم خان کاکڑ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شفیع صدیقی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کے ناموں کی منظوری دی تھی۔

اس کے علاوہ جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور اور پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد کو بھی سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں