پنجاب حکومت نے صوبے کے بڑے شہروں میں ڈیولپمنٹ پروگرام کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں پی آئی سی پی کے جاری منصوبوں کا جا ئزہ لیا گیا۔
پنجاب کے بڑے شہروں کے لیے سیوریج اور نکاسی آب کا نیا سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ جس کے لیے صوبائی حکومت نے پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیوریج اور ڈرینج سسٹم میگا پلان کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 189 شہروں کا پلان طلب کر لیا۔ جہاں سیوریج، واٹر ڈرینج اور گلیوں کی فرش بندی کے کام کیے جائیں گے۔ پہلی بار پنجاب کے شہروں میں سیوریج بائی پاس اور ڈسپوزل اسٹیشنز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بڑے شہروں میں بارش کے پانی کے فوری نکاس کے لیے اسٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے۔ اور واٹر اسٹوریج ٹینک سے ذخیرہ پانی کو آبپاشی اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
بڑے شہروں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی پائپ لائن مناسب فاصلے پر بچھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جبکہ پنجاب میں ماڈل ویلج بنانے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا جس کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دے دی۔