وفاقی کابینہ نے سولر صارفین پر اضافی ٹیکس کی منظوری روک دی

وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حجم بجلی صارفین کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے استعمال کرنے اور سولر سسٹم استعمال کرنے والے صارفین پر اضافی ٹیکس کی منظوری روک دی اور نیٹ میٹرنگ پالیسی پر نظرثانی کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی کے ریویو کے حوالے سے سٹاف لیول معاہدے اور ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف پاکستان کی معاونت کے لئے 1.3 ارب امریکی ڈالرز کے فنڈز کے حوالے سے معاہدے پر اظہار اطمینان کیا۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب امریکی ڈالرز کا پہلا سٹاف لیول معاہدے کا ریویو مکمل ہو چکا ہے، ان معاہدوں کے ذریعے آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے گزشتہ 18 مہینوں کے دوران میکرو اکنامک استحکام کی بحالی کے حوالے سے پیشرفت، مالی صورتحال کی بہتری اور افراط زر 2015 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آنے اور معیشت میں استحکام پر پاکستان کی تعریف کی ہے ،آئی ایم ایف نے معیشت میں اصلاحات اور گورننس میں بہتری کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات اور عزم کو بھی سراہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں