وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کچھ عناصر ذاتی مفاد کیلئے ملکی استحکام داؤ پر لگا رہے ہیں، ذاتی خواہشات پر قومی مفاد قربان کرنا ملک سے بیوفائی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اتحاد سے ملک کے مسائل حل کرنا ہوں گے، انا کو ملکی مفاد کے تابع کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوشحالی امن سے جڑی ہوئی ہے، دہشتگردوں کو ملنے والی حمایت سے واقف ہیں، اس کیخلاف سب کو متحد ہونا ہو گا، خوشحالی کیلئے ذاتی اختلافات کو دفن کریں، مل کر آگے بڑھے تو خطے کے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج بھی موقع ہے کہ فیصلہ کریں کہ پاکستان کے وسیع تر مفاد کی خاطر اپنی تمام ذاتی خواہشات اور انا کو پاکستان کے تابع کریں، اس سے بڑی پاکستان کی خدمت نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کو اللہ نے جوہری قوت سے نوازا ہے، لیکن خدائے بزرگ برتر کا جتنا شکر کریں کم ہے، جس کی کمال مہربانی سے پاکستان 1998ء میں ایٹمی قوت بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی ازلی دشمن ہو یا کوئی قریبی دشمن ہو تو اللہ نے اس قوم کو بہادر فوج کے علاوہ جوہری طاقت عطا فرمائی ہے، دشمن اگر ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کرے تو یہ قوم اسے روند ڈالے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم قوم کی ترقی، یک جہتی اور اتفاق کے لیے اپنے ذاتی اختلافات دفن کریں، ذاتی خواہشات قربان کریں، یہی وہ واحد راستہ ہے، جس سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتا ہے۔