اسلام آباد: اپوزیشن کی سائیڈ لینے پر حکومتی ارکان نالاں جب کہ اپوزیشن وفاقی وزراء کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر برہم ہے۔
ویلیو ایچ ڈی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج پھر ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے، اور موجودہ صورتحال نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے لئے مشکل پیدا کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ اجلاس میں نازیبا زبان استعمال کرنے والے اراکین پارلیمنٹ پر اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کی تھی، جس کے بعد اپوزیشن کی سائیڈ لینے پر حکومتی ارکان نالاں ہیں اور وفاقی وزراء کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر اپوزیشن برہم ہے۔
گزشتہ روز معاملات کو درست سمت کی جانب لے جانے کے لئے حکومت کی طرف سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کو اپوزیشن سے مذاکرات کرنے اور اسمبلی میں تعاون کے لئے تیار کرنے کا ہدف دیا گیا تھا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں رسمی مذاکرات بھی نہ ہونے کا امکان ہے، اور اپوزیشن کی طرف سے تاحال مذاکرات کی پیش کش کو قبول نہیں کیا گیا، جس کی بڑی وجہ خود اپوزیشن میں دو دھڑے بن جانا ہے۔