لاہور میں مدرسے کے طالب علم سے زیادتی کے واقعے میں ملوث مفتی عزیز الرحمٰن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ٹاؤن شپ میں چھاپہ مارا تاہم کامیابی نہ ملی۔
پولیس کے مطابق ملزم مفتی عزیز الرحمٰن کی گرفتاری کے لیے ٹاؤن شپ کے مدرسے میں چھاپہ مارا گیا لیکن ملزم اپنے بیٹوں سمیت فرار ہو چکا تھا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم اکثر اس مدرسے میں ٹھہرتا تھا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز مدرسے میں استاد کی طالبعلم سے مبینہ زیادتی کی ویڈیو سوشل پر وائرل ہوئی تھی۔
مدرسے کے طالبعلم سے مبینہ زیادتی کے ملزم مفتی عزیز الرحمان کا بیان بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ویڈیو ڈھائی تین سال پرانی ہے اور طالبعلم صابر شاہ کو میرے خلاف استعمال کیا گیا ہے۔
مفتی عزیز الرحمان کا کہنا تھاکہ حلفیہ کہتا ہوں میں نے ہوش و حواس میں ایسا کوئی فعل نہیں کیا، مجھے نشہ آور چیز پلائی گئی، میں ہوش و حواس میں نہیں تھا۔
مفتی عزیز نے دعویٰ کیا ہے کہ کیس کا مرکزی کردار صابر شاہ فرار ہے۔