لاہور بارش : سبزی منڈی ڈوب گئی، واسا کا پانی صاف کرنے سے انکار

لاہور : ایک گھنٹہ ہونے والی موسلا دھار بارش سے جل تھل ہوگیا، ملتان چونگی سبزی منڈی مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی بادل جم کر برسے، سڑکیں پانی سے بھر گئیں، شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش سے بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔
شہر کے مختلف نشیبی علاقے زیرآب آگئے، بارش کے بعد کئی سڑکیں ڈوب گئیں ،جوہر ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، ائیرپورٹ، مال روڈ، ڈیوس روڈ پر بارش کا زوردار برسی۔
ملتان چونگی پر قائم سبزی منڈی مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی، لوگ گھٹنوں تک کھڑے گندے پانی سے گزر کر سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب اتنی خراب صورتحال کے باوجود واسا کا عملہ تاحال پانی نکالنے سبزی منڈی نہ پہنچ سکا، شہری کا کہنا ہے کہ پوری منڈی ڈوب گئی لیکن کوئی مشینری یہاں موجود نہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ واسا نے سبزی منڈیوں سے پانی نکالنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں لوگ اذیت میں مبتلا ہیں۔ ذرائع کے مطابق واسا اور سبزی منڈی انتظامیہ کی آپس میں ٹھن گئی۔
ایم ڈی واسا محمد زاہد کا کہنا ہے کہ سبزی اور فروٹ منڈی سے پانی نکالنا ہماری ذمہ داری نہیں ہے جبکہ منڈی انتظامیہ نے بھی صاف کہہ دیا کہ بارش کا پانی نکالنے کی ذمہ داری واسا کی ہے ہماری نہیں۔

گندے پانی سے گزرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا اور منڈی انتظامیہ کی لڑائی میں ہمیں اذیت کیوں دی جارہی ہے؟ متعلقہ حکام صورتحال کا نوٹس لیں۔
دوسری جانب صوبے میں مسلسل دوسرے روز بارشوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور واسا حکام کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، نکاسی آب کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کے کام کو مکمل کیا جائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں