نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے قبل ‘سیکیورٹی خدشات’ کی وجہ بتا کر دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پاکستان و دنیا بھر سے کرکٹرز نے غم و غصے کا اظہار کیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کے اعلان کی خبر سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر #PakvsNZ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے آج کے دن کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ ‘سیکورٹی کے خطرے پر یکطرفہ انداز اپناتے ہوئے دورہ منسوخ کرنا بہت مایوس کن ہے خاص طور پر جب آپ یہ شیئر نہ کریں’۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا عندیہ بھی دیا۔
افسوسناک دن
سابق باؤلر عمر گل نے اسے کرکٹ کے کھیل کے لیے افسوسناک دن قرار دیا اور کہا کہ ‘جہاں پاکستان کرکٹ کی بحالی کی راہ پر گامزن ہے وہیں ایسے موقع پر یہ بدقسمت موڑ آیا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسی دنیا کی بہترین سیکورٹی ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور جب آپ کو اس قسم کی سیکورٹی ملتی ہے تو آپ محفوظ ہوتے ہیں’۔
‘پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا رہا’
سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ کو ماضی کی باتیں یاد دلائیں۔
کرائسٹ چرچ حملے میں 9 پاکستانی شہید ہوئے، پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا رہا، پاکستان نے نیوزی لینڈ کا بدترین کورونا صورتحال میں دورہ کیا، قطع نظر اس کے کہ نیوزی لینڈ کے حکام نے اس دورے پر بہت برا رویہ رکھا۔