کراچی: سفری مشکلات سے تنگ کراچی والوں کیلئے اچھی خبر، وزیراعظم آج سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، لاگت کا تخمینہ 250 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ منصوبہ دو برس میں مکمل ہوگا، یکطرفہ کرایہ 50 روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
کراچی سرکلر ریلوے کے پہلے فیز کا سنگ بنیاد وزیر اعظم آج رکھیں گے۔ تقریب کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر منعقد کی جائے گی۔ وزیر اعظم کی آمد سے قبل کینٹ اسٹیشن کی سڑکوں کی صفائی کر دی گئی، اطراف سے پتھاروں اور اضافی پارکنگ کا بھی خاتمہ کر دیا گیا جبکہ وزیراعظم سے منسوب پینا فلکس بھی لگا دیئے گئے۔
شہر کے دورے کے موقع پروزیراعظم اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی سندھ اسٹریٹجک کمیٹی سے ملاقات کریں گے جبکہ گورنر ہاؤس میں علماء اکرام کی وزیراعظم سے ملاقات بھی طے ہے۔