نیوزی لینڈ نے منسوخ کیے گئے دورہ پاکستان کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات چیت شروع کردی ہے۔
نیوزی لینڈ ہیرالڈ کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی ہے کہ چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ اور ان کے عبوری پاکستانی ہم منصب کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور دونوں نے 2023 میں اس فیوچر ٹور پروگرام کے اختتام سے قبل دوبارہ دورہ کرنے پر اتفاق کیا۔
‘سیکیورٹی خدشات’: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا
جمعرات کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ دورے کو دوبارہ شیڈول کرنے کے حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ہفتے میں اچھی خبر کا اعلان کیا جائے گا اور ملتوی ہونے والے دورہ پاکستان کو نومبر 2022 میں دوبارہ شیڈول کرنے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی شرائط نیوزی لینڈ کے سامنے رکھے گا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کا مطالبہ کیا جائے گا جس کا انتظام گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے موقع پر کیا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کو سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے، شیخ رشید
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 17 ستمبر کو نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے آغاز سے محض چند گھنٹے قبل سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورے کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘پاکستان میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو موصول سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی ایڈوائزرز کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلیک کیپس دورے کو جاری نہیں رکھیں گے’ اور اب ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے پر ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کا غم و غصہ
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دورے میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچز کھیلے جانے تھے۔
نیوزی لینڈ کے اس اقدم کے چند دن بعد ہی انگلینڈ نے بھی اکتوبر میں شیڈول دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔