لاہور: ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ پنجاب میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 63 ہوگئی۔ اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے کیسز اور اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب میں مزید 561 کیسز رپورٹ ہوئے، مجموعی کیسز کی تعداد 17 ہزار 588 ہوگئی، جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 63 ہے۔ سیکریٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کے مطابق لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے ایک ہزار 562 مریض داخل ہیں جبکہ پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے 5 ہزار 436 بستر مختص کئے گئے ہیں۔
ادھر اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 86 افراد مریض سامنے آگئے۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مجموعی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 71 ہے۔ اسلام آباد میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہے۔
خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے صورتحال بگڑنے لگی، مزید 183 کیسز رپورٹ ہوئے، پشاور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی، جبکہ صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہے۔ پشاور میں متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 599 ہوگئی۔