آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی اور یوں ٹورنامنٹ میں پاکستان کا سفر تمام ہوگیا۔
اس ورلڈ کپ میں پاکستان اب تک ناقابلِ شکست ثابت ہوا تھا تاہم آسٹریلوی ٹیم نے فتوحات کے اس تسلسل کو روک دیا۔ یوں ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی پاکستانی ٹیم کے لیے ٹائٹل جیتنے کا خواب، خواب ہی رہ گیا۔
تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے ٹوئٹ کے ذریعے پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجا نے قومی ٹیم کے لیے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے قوم کو متحد کردیا ہے اور اسے تازہ دم کردیا ہے۔ آپ کا شکریہ، آپ نے جس طرح مقابلہ کیا ہمیں اس پر فخر ہے‘۔
سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر وقار یونس نے بھی پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ ورلڈ کپ تو نہیں جیت سکے لیکن آپ نے ہر پاکستانی کا دل جیت لیا ہے۔۔۔‘۔
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر این بشپ نے میچ کے نتیجے کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’۔۔۔میرا دل پاکستان کے لیے افسردہ ہے، یہ ایک مشکل سال تھا۔۔۔‘۔
مشہور کرکٹ کمنٹیٹر اور نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی ڈینی موریسن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹائٹل کے بہت قریب پہنچ چکا تھا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے قوم کی بہت ہمت بڑھائی ہے‘۔
معروف بین الاقوامی کرکٹ کمنٹیٹر مائیک ہیسمین نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ ہفتوں میں ہم نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں جو تسلسل دیکھا ہے وہ ایک بڑی پیش رفت ہے۔ اگر ٹیم اسے اپنی عادت بنالے تو اپنے ٹیلنٹ کے ساتھ پاکستانی ٹیم ایک بڑی قوت بن سکتی ہے۔۔۔‘۔
سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی ٹیم نے بہت اچھا کھیلا اور اسے ٹورنامنٹ میں اپنے سفر پر فخر ہونا چاہیے، ۔۔۔پاکستانیوں کو بھی سمجھنا چاہیے کہ کوئی جان بوجھ کر کیچ نہیں چھوڑتا۔۔۔‘۔
بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم ہی 176کا دفاع کرسکتی تھی لیکن آسٹریلوی ٹیم ٹورنامنٹ کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ خود میں بہتری لاتی رہی۔