ڈھاکہ: پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں بنگالی ٹائیگرزکی بیٹنگ جاری ہے۔
ٹاس کی جیت بنگلہ دیش کے حصے میں آئی جس پر کپتان محمود اللہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز پر بنگالی اوپنرز محمد نعیم اور سیف حسن کریز پر آئے، شاہین باولرز کے نپے تلے انداز نے بنگالی بیٹنگ کا ٹاپ آرڈر درہم برہم کر دیا۔
میزبان ٹیم کی پہلی شراکت داری اس وقت ٹوٹی جب حسن علی کی بال پر کیپر محمد رضوان نے 3 کے مجموعی سکور پر محمد نعیم کا کیچ پکڑا، انہوں نے محض ایک رن بنایا تھا۔ بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 10 رنز پر گری، بلے باز سیف حسن شاہین باولر محمد وسیم کا شکار بنے، نجم الحسن نے بھی محمد وسیم کو کیچ پکڑایا۔
بیٹر عفیف حسین نے قدرے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے تاہم وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رکا اور محموداللہ ، شاہین باولر محمد نواز کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ 10 ویں اوور کے اختتام پر عفیف اور نورالحسن 40 کے مجموعی سکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
شاہین کپتان بابر اعظم کا میچ کے آغاز پر کہنا تھا کہ بنگلہ ٹیم کو 150 تک آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلوں میں قومی شاہینوں کو نفسیاتی برتری حاصل ہے، بارہ ٹی 20 میچز میں سے دس گرین کیپس نے جیتے، دو میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔