لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پنجاب کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں بہتری خوش آئند ہے، پنجاب بدل رہا ہے، تعلیمی انقلاب دستک دے رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پنجاب میں یونیورسٹیوں کے قیام کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے یونیورسٹیوں کے قیام سے متعلقہ امور پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نئی یونیورسٹیاں بننے سے دور دراز علاقوں کے طلبہ بالخصوص طالبات مستفید ہوں گی، صوبے بھر میں نئے کالجوں کے قیام کیلئے سرکاری اراضی کی منتقلی کی اصولی منظوری دے دی ہے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو ہائر ایجوکیشن کا ہب بنانا چاہتے ہیں، پنجاب کے دور دراز علاقوں میں کالجز بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں کالجز بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے، فروغ تعلیم میں نجی شعبے کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی، ٹیکنو پولس منصوبہ حقیقی معنوں میں ایجوکیشنل گیم چینجر ثابت ہوگا۔
واضح رہے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔