یوکرین نے گولہ باری کرکے روسی سرحدی تنصیب کو تباہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین سے فائر کیے گئے گولے نے روسی سرحدی تنصیب کو تباہ کر دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ یوکرین سے فائر کیے گئے ایک نامعلوم پراجیکٹائل نے روس یوکرین کی سرحد سے تقریباً 150 میٹر کے فاصلے پر روستوو کے علاقے میں ایف ایس بی بارڈر گارڈ سروس کے زیر استعمال سرحدی تنصیب کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور روسی فوجی انجینئر جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔
یوکرین پر روسی حملے کا خطرہ کم ہوگیا ہے، سابق سربراہ برطانوی خفیہ ایجنسی
ایف ایس بی کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں ایک چھوٹی بظاہر ایک کمرے کی عمارت کو دکھایا گیا ہے جس کی چھت اور دیواریں ڈھکی ہوئی ہیں اور بکھرے ہوئے ملبے پر روسی جھنڈا نظر آرہا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین ان علیحدگی پسندوں سے لڑ رہا ہے جنہیں مبینہ طور پر 2014 سے روس کی حمایت حاصل ہے۔ اس لڑائی میں اب تک 14 ہزار سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر امریکا ، برطانیہ اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو یوکرین سے نکل جانے کی ہدایت کردی تھی۔