پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کے راستوں اور شیڈول کا اعلان کردیا

پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے عوامی مارچ کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔

شیری رحمان نے تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں عوامی لانگ مارچ کا آغاز کراچی میں مزار قائد سے 27 فروری کو صبح 10 بجے سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لانگ مارچ ملک کے 23 اضلاع اور 35 شہروں سے گزرے گا اور کراچی سے براستہ ٹھٹہ اور سجاول سے ہوتا ہوا بدین پہنچے گا۔

نائب صدر نے کہا کہ بدین میں پہلے دن کا اختتام ہوگا، بلاول بھٹو زرداری اور لانگ مارچ قافلے کے شرکاء رات بدین میں قیام کرینگے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں عوامی مارچ اپنے دوسرے دن 28 فروری پیر کو حیدرآباد، ہالا، نواب شاہ سے ہوتا ہوا مورو پر ختم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لانگ یکم مارچ کو مورو سے خیرپور سے ہوکر سکھر میں تیسرے دن کا اختتام ہوگا اور 2 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز سکھر سے ہوگا، لانگ مارچ براستہ گھوٹکی سے پنجاب کے شہر رحیم یار خان پہنچے گا۔

شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں 3 مارچ جمعرات کو عوامی مارچ رحیم یار خان سے شروع ہوگا اور بہاول پور، لودھراں سے ہوتا ہوا ملتان میں ہونے والے بڑے عوامی اجتماع پر ختم ہوگا۔

انکا کہنا ہے کہ عوامی مارچ 4 مارچ جمعہ ملتان سے لانگ مارچ براستہ خانیوال، چیچہ وطنی سے ہوتا ہوا ساہیوال پہنچے گا اور 5 مارچ ہفتے کو ساہیوال سے اوکاڑہ اور پتوکی سے ہوتے ہوئے لاہور میں داخل ہوجائے گا۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دوپہر ایک بجے 6 مارچ اتوار کو ناصر باغ لاہور میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کریں گے اور بلاول بھٹو عوامی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے لاہور کے ناصر باغ سے شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ پہنچیں گے جہاں عوامی اجتماع سے خطاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں لانگ مارچ 6 مارچ کو وزیرآباد میں اپنے دن کا اختتام کرے گا اور 7 مارچ پیر کو عوامی مارچ کا قافلہ وزیر آباد سے لالہ موسی جائے گا، مارچ جہلم اور گوجر خان ہوتا ہوا راولپنڈی لیاقت باغ پر اپنے دن کا اختتام کرے گا۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں 8 مارچ پیر کو لانگ مارچ کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اور عوامی قافلہ مختلف گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گا۔
نائب صدر نے کہا کہ عوامی مارچ مہنگائی، بے روزگاری، بدحالی اور ملک کی معاشی تباہی کی وجہ بننے والے عمران خان سے چھٹکارا دلانا ہے اور یہ مارچ پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہے۔

انکا کہنا ہے کہ عوام اپوزیشن پارٹیزسے مطالبہ کر رہے کہ وہ اس نااہل حکومت سے ان کو چھٹکارا دلائیں، نیا پاکستان بنانے والوں نے مہنگا پاکستان بنا دیا ہے جس میں غریب کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ مارچ کا مقصد تباہی سے نجات دلانا اور پاکستان کو اس نااہل حکومت سے بچانا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ پر امن ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پارلیمان، عدلیہ اور پی ٹی وی پر حملوں پر یقین نہیں رکھتے، ہم آئینی اور جمہوری طریقوں سے حکمرانوں کی تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں