وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیاست میں منفی رویے ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، عدم اعتماد کی باتوں میں شکست خوردہ اپوزیشن کی طرح کوئی جان نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کی مذمت کی اور اپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف اقتدار کی خاطر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں، گھبرانے والے نہیں، اپوزیشن کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہے ہیں، اپوزیشن کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے، نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔