ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں کرپٹ نظام اور اس سے فائدہ لینے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ نظام کو عمران خان نے نکیل ڈالی، نظام کی تبدیلی نااہلوں سے برداشت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک لوٹنے والا نااہل ملک سے فرار ہے، آدھی ن لیگ بھگوڑی اور آدھی عدالتوں میں اپنا کیا بھگت رہی ہے۔
شہباز گِل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں دوہرے منافقانہ طرز پر چلائے جانے والے نظام کو نکیل ڈالی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نااہل میاں کا احتساب ہوا تو انکی چیخیں نکل گئیں، آج پوری متحدہ کرپٹ اپوزیشن یکجا ہو کر بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
عدم اعتماد کیلئے ہمارے نمبرز پورے ہیں، شاہد خاقان عباسی
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدم اعتماد پر لیڈرشپ فیصلے کے بعد ریکوزیشن جمع کرائے گی۔ تحریک عدم اعتماد آئینی عمل ہے اور اگر آئینی عمل میں مداخلت ہوگی تو خرابیاں پیدا ہوں گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کی کرپشن بہت جلد منظر عام پر آئے گی جس کا احتساب بند کمروں میں نہیں بلکہ سب کے سامنے ہوگا اور پورا پاکستان یہ دیکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دھمکیاں پہلے بھی سنیں تھیں اور آج بھی سن رہے ہیں لیکن کٹہرے میں کھڑے ہو کر جواب دیں گے کہ کس کے کہنے پر مظالم کیے اور پیسے کس نے کس کو دیئے اور کہاں سے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چیئرمین نیب کے معاملے پر مشاورت نہیں کی ہے لیکن ہم نیب اور حکومت کو احتساب کے عمل سے فرار نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی نیب کو مزید انتقام کا ادارہ بننے دیں گے۔
خیال رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج بلایا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران ارکان پارلیمنٹ فیصلہ کریں گے کہ عدم اعتماد اسپیکر یا وزیراعظم میں سے کس کے خلاف لائی جائیگی ۔